مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے نفرت پھیلانے والے سوشل میڈیا صارفین کے خلاف اگلے ہفتے سے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی میڈیا سے زیادہ بڑا مسئلہ سوشل میڈیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے اور اس پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کو سزا دینی ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ہماری ایجنسیوں اور ایف آئی اے کے ورکنگ گروپ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے رواں ہفتے بھی اہم گرفتاریاں کی ہیں، جبکہ اگلے ہفتے میں اس کے خلاف بڑا اور سخت کریک ڈاؤن ہوگا، سوشل میڈیا پر انتہا پسندی کا پرچار کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا نے روایتی میڈیا کی جگہ لے لی ہے، لہذا اسے ریگولرائز کرنے کی ضرورت ہے، اس کے لیے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے نام سے نیا ادارہ قائم کررہے ہیں، روایتی میڈیا پر نفرت انگیز باتوں کو قابو کرلیا ہے جس پر ان کا شکر گزار ہوں، اگلے مرحلے میں سوشل میڈیا کی باری ہے جہاں پر اسے کنٹرول کرنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ